Login / Register

عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ

2023-06-09 13:58:06

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست


عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی آمد و رفت سے کانگو وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر جانوروں کی خريد و فروخت اور قربانی کرتے وقت احتياطی تدابير اختيار کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ادارہ صحت کے ماہرین کی جانب سے صوبوں کیلئے کانگو وائرس کی خصوصی ہدایت نامہ تیار کیا ہے، ہدایت نامہ کا مقصد شہریوں اور طبی ماہرین کو کانگو وائرس کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے، ہدایت نامے کا مقصد شہریوں، متعلقہ اداروں کو کانگو وائرس سے محتاط کرنا ہے، کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ عید الاضحیٰ سے قبل مویشیوں کی ملک گیر نقل و حمل ہوتی ہے، عید الاضحیٰ سے قبل انسانوں کا جانوروں سے میل جول بڑھ جاتا ہے، ان دنوں میں کانگو وائرس کے پھیلائو کا خدشہ ہوتا ہے، بروقت حفاظتی اقدامات سے کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے، متعلقہ ادارے کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں، کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے لاحق ہوتا ہے، کانگو وائرس مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑ میں پایا جاتا ہے، جس میں گائے، بکری، بھیڑوں، پالتو جانوروں شامل ہیں۔


ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ کانگو وائرس چیچڑ کے ذریعے ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے، متاثرہ چیچڑ کے کاٹنے سے کانگو وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے، نیرو وائرس انسانوں کو کانگو بخار لاحق ہونے کا سبب بنتا ہے، کانگو وائرس سے انسان ہیموریجک بخار میں مبتلا ہوتا ہے، کانگو بخار سے ہلاکتوں کی شرح 10 تا 40 فیصد ہو سکتی ہیں، ماضی میں بلوچستان کانگو وائرس سے زیادہ متاثر رہا ہے، ملک میں کانگو وائرس کے بیشتر کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوتے ہیں، رواں برس بلوچستان میں 27 کانگو کیسز اور 5 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ جانوروں میں کانگو بخار کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، کانگو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلے میں پایا جاتا ہے، گلہ بان، قصاب اس وائرس سے جلد متاثر ہو سکتے ہیں، تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد، قے، متلی،گلے کی سوزش، جسم پر سرخ دھبے منہ، ناک، اندرونی اعضاء سے خون بہنا کانگو کی اہم علامات ہیں۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ عید پر خریدار پوری آستین والے کپڑے پہن کر مویشی منڈی جائیں، شہری مویشی منڈی سے واپسی پر فورا نہا کر صاف کپڑے پہنیں، بچوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کریں، شہری و قصاب قربانی کے وقت دستانوں کا استعمال کریں، شہری قربانی کے وقت خود کو زخم و جانوروں کے خون سے بچائیں، قربانی کا گوشت دھوتے وقت دستانوں کا استعمال کریں، احتیاطاً قربانی کے گوشت کو اچھی طرح پکا کر کھائیں، کانگو وائرس کی باقاعدہ ویکسین تاحال ایجاد نہیں ہوئی لیکن شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر کانگو وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

وقت اشاعت : 2023-06-09 13:58:06