Login / Register

سمندری طوفان کا فاصلہ مزید کم،کراچی کے جنوب سے 470 کلومیٹر کی دوری پر

2023-06-13 11:48:48

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست


سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ آہستہ آہستہ مزید کم ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے کا کراچی سے فاصلہ کم ہو کر 470 کلو میٹر رہ گیا،طوفان کا رخ شمال اور شمال مغرب کی جانب سے ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 470 کلومیٹر کی دوری پر ہے،جبکہ سمندری طوفان ٹھٹھہ کے جنوب سے 460 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
طوفان کے ارد گرد ہوائیں 140 سے 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ طوفان کے قریب لہروں کی اونچائی 30 فٹ ہے،طوفان 15 جون کی سہ پہر کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے ساحل سے گزرے گا۔ یاد رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بائپر جوائے کی پاکستان کی جانب پیش قدمی جاری ہے،اس حوالے سے پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 14 واں الرٹ جاری کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق گزشتہ روز سمندری طوفان کا فاصلہ کراچی سے مزید کم ہو کر 550 کلومیٹر رہ گیا تھا، طوفان بدین سے 530 جبکہ اورماڑہ سے 650 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ جبکہ بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان بائپر جوائے کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں بادل پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ محکمہ موسمیا ت نے خبردار کیا کہ سمندری طوفان کے باعث ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں 3 سے 4 سو ملی میٹر تک جبکہ کراچی میں 100 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔
طوفان 15 جون کی دوپہر کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان سے گزرے گا،کیٹی بندر پر 10 سے 12 فٹ لہریں اٹھنے اور 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چلیں گے۔ وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بتایا گیا کہ سمندری طوفان "بائپر جوائے" کے پیش نظر شہری انتظامیہ اور تمام حکام الرٹ ہیں، متعلقہ علاقوں سے تقریباً 80 ہزار لوگوں کے انخلا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

وقت اشاعت : 2023-06-13 11:48:48