دنیا بھر سے 11 کروڑ افراد کو جبری نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ، اقوام متحدہ
2023-06-14 11:26:56
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے 11 کروڑ افراد کو جبری نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے ۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین جنگ، افغانستان سے آنے والے مہاجرین اور سوڈان میں جاری جنگ سے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اپنے ہی ممالک میں بے گھر ہونے والے افراد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
یو این ایچ سی آر نے سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ سال کے آخر میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد10کروڑ 84 لاکھ تھی،جبکہ 2021 کے بعد اس تعداد میں1کروڑ 91 لاکھ کا اضافہ ہوا جو اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔سوڈان میں تنازعات کے باعث بے گھر افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا جس کے بعد رواں سال مئی تک یہ تعداد11کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے جنیوا میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ 11 کروڑ افراد لڑائی، ظلم، امتیازی سلوک، تشدد اور دیگر وجوہات بالخصوص ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے خراب حالات کا واضح ثبوت ہےپناہ گزینوں کے لیے یورپی یونین، امریکا اور برطانیہ کے دروازیں کھلے رہنے چاہیے، لوگوں کو وہاں پناہ لینے کا اختیار حاصل ہو جہاں وہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔یو این ایچ سی آر کے مطابق تقریباً 76 فیصد مہاجرین نے کم یا متوسط آمدنی والے ممالک میں نقل مکانی کی جبکہ 70 فیصد نے ہمسایہ ممالک کا رخ کیا۔
وقت اشاعت : 2023-06-14 11:26:56