ن لیگ کے پارٹی الیکشن جمعہ کو ہوں گے،شہباز شریف کے پارٹی صدر برقرار رہنے کا امکان
2023-06-14 11:39:31
ن لیگ کی جانب سے 16 جون کو پارٹی انتخابات کرائے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی کونسل جنرل کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔ مرکزی کونسل جنرل کا اجلاس 16 جون کو مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہو گا،اجلاس میں پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے پارٹی صدر برقرار رہنے کا امکان ہے،مریم نواز کا بلا مقابلہ پارٹی کی چیف آرگنائزر اور سنیئر نائب صدر منتخب ہونے کا امکان ہے،جبکہ حمزہ شہباز کا بھی پارٹی سنیئر نائب صدر منتخب ہونے کا امکان ہے۔
ایاز صادق اور سعد رفیق کو بھی اہم عہدے ملنے کی توقع ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کا کیس میں الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو پارٹی انتخابات کرانے کی مہلت دے رکھی تھی۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی تھی۔
مسلم لیگ ن کے وکیل نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانا چاہتے ہیں لیکن حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے،شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی وجہ سے پارٹی الیکشن تاخیر کا شکار ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ اگر پارٹی صدر وزیراعظم ہے تو کسی اور کو صدر بنا لیتے،ن لیگ کو یہ بھی نہیں پتہ کہ پارٹی انتخابات کب ہوں گے؟۔ مسلم لیگ ن کے وکیل نے بتایا کہ پارٹی انتخابات کرا دیں گے۔ الیکشن کمیشن ممبر پنجاب نے کہا کہ یکم فروری تک پارٹی انتخابات نہ ہوئے تو انتخابی نشان واپس لے لیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کئی سیاسی جماعت کو ایک سال کی مہلت بھی دے چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 2023-06-14 11:39:31