طوفان بپر جوائے، موبائل نیٹ ورک متاثر ہونے کا خدشہ
2023-06-14 11:49:30
طوفان بپر جوائے کے پیش نظر حکام نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے دوران موبائل نیٹ ورک متاثر ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 15 جون یعنی جمرات کی دوپہر کے قریب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان 150 کلومیٹر کی رینج میں ٹکرائے گا۔ کیٹی بندر کو خالی کروا لیا گیا ہے جہاں طوفان کل ٹکرائے گا۔
محکمہ صحت سندھ نے ایک بیان میں کہا کہ بارش کے دوران موبائل نیٹ ورک بند ہونے کا خطرہ ہے۔نکاسی آب کے نظام کی خراب صورتحال کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو سکتا ہے اور بارش کے پانی کی وجہ سے سڑکوں کے بلاک ہونے کا خدشہ ہے۔لوگوں کو کھمبوں اور بجلی کی تاروں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1092 پر مدد کے لیے کال کر سکتے ہیں۔
جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ریلیف و بحالی حاجی رسول بخش چانڈیو کی زیر صدارت سمندری طوفان بائپر جوائے سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات کے متعلق ڈپٹی کمشنر آفس میںاجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈپٹی کمشنر امتیاز علی ابڑو، ایس ایس پی سید امداد علی شاہ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سمندری طوفان بائپر جوائے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی اور سول انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج اور پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کی مدد سے ساحلی پٹیوں سے غیر محفوظ تمام آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ضلع کے تمام افسران و عملہ کو فیلڈ میں موجود رہنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ریلیف و بحالی حاجی رسول بخش چانڈیو نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیحی ہے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں رہائش، اشیاء خورد و نوش و دیگر تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سندھ حکومت اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی تنہا اور بے یارو مددگار ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا۔
وقت اشاعت : 2023-06-14 11:49:30
تازہ ترین شوبز کی خبریں
Our Categories
Who We Are