Login / Register

9 مئی کے واقعات،لاہور سمیت پانچ شہروں سے 3 ہزار افراد کی شناخت کر لی گئی

2023-06-14 11:50:27

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست


 9 مئی کے واقعات،3 ہزار افراد کی شناخت کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے،لاہور سمیت پانچ شہروں سے 3 ہزار 280 افراد کی شناخت کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعات میں ملوث افراد 52 مقدمات میں نامزد نہیں تھے،نامعلوم افرد کو بی کیٹگری میں رکھ کر شناخت کیا گیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ 3 ہزار 280 میں سے 1 ہزار 767 ملزمان شناخت کے بعد گرفتار کر لیے گئے۔ لاہور سے 536 اور گوجرانوالہ سے 404 افراد کو شناخت کے بعد پکڑا گیا،راولپنڈی سے 234 اور سرگودھا سے 493 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 1163 شر پسندوں کا ڈیٹا بیس ملا تھا۔ نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 1163 شرپسندوں کا ڈیٹا بیس ملا اور سائنٹیفک انداز سے 1163 شر پسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا۔ نگران وزیراعلٰی پنجاب نے مفرور شر پسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر مفرور شر پسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے،آخری شر پسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے۔
جبکہ 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شرپسند ارضم جنید کی شناخت ہوئی،شر پسند لاہور کا رہائشی اور پی ٹی آئی کا متحرک کارکن نکلا،ملزم نے لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا اور اعلیٰ عسکری قیادت کے افسران کے نام لے کر ہرزہ سرائی کی اور افواج پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی کرتا رہا۔

وقت اشاعت : 2023-06-14 11:50:27