تیسری پشاوراوپن تائیکوانڈوچیمپئن شپ اختتام پذیرہوگئی
2023-06-26 13:50:17
حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں جاری دو روزہ تیسری پشاور اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی‘ چیمپئن شپ میں پشاور بلیو ‘ پشاور گرین‘ خیبر بلیو، خیبر گرین، ضلع مہمند، ضلع باجوڑ، ضلع نوشہرہ، ضلع چارسدہ،ضلع مردان،ضلع صوابی‘ ضلع کوہاٹ، ضلع مانسہرہ اور افغان اے اور افغان بی کی ٹیموں نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ میں جونیئر‘ کیڈٹس اور سینئر ویٹ کے سینکڑوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پرپشاور بلیو نے پانچ گولڈ چار سلور اور دو براؤنز میڈل جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ افغان اے کی ٹیم نے تین گولڈ اور تین براؤنز میڈلز جیت کر دوسری اور خیبر اے نے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جیتنے والے کھلاڑیوں میں سابق وزیر کھیل اور خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے میڈل،سرٹیفکیٹس اور ٹرافیاں تقسیم کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تائیکوانڈو صوبے میں سب سے فعال ایسوسی ایشن ہے اور گرمی کے موسم میں اتنا کامیاب چیمپئن شپ منعقد کرانا لائق تحسین ہے‘ اس موقع پر ان کے ہمراہ مشہور سماجی اور سیاسی شخصیت سینیٹر ہدایت اللہ کے فرزند ڈاکٹر نبی بھی موجود تھے جب کہ ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ ، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضیٰ حسن بنگش،انٹرنیشنل تائیکوانڈو ریفریز شیراز احمد ‘ محمد آصف اور ایاز نائیک نے بھی شرکت کی۔
وقت اشاعت : 2023-06-26 13:50:17