چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کی استدعا مسترد
2023-06-26 13:53:41
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ کا منگل بروز 27 جون شیڈول انتخاب روکنے کے لئے حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے الیکشن روکنے کی درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار گل زادہ کے وکیل فیصل نقوی نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ کرکٹ بورڈ کے زونل انتخابات کروائے بغیر چئیرمین پی سی بی کے انتخابات کروانا غیر آئینی اقدام ہے، ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے درخواست گزار سمیت کئی ووٹرز کو ووٹر لسٹوں میں شامل ہی نہیں کیا۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کیے بغیر چیئرمین کے الیکشن کا انعقاد کروانا غیر آئینی اقدام ہے، عدالت چئیرمین پی سی بی کے انتخابات فوری طور پر روکنے کا حکم دینے کے ساتھ اسے کالعدم قرار دے۔
عدالت نے پی سی بی سربراہ کے الیکشن کیخلاف حکم امتناعی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت، پی سی بی، الیکشن کمشنر سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر شہزاد رانا نے نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لئے 27 جون بروز منگل نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کر رکھا ہے جس میں نئے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائے گا، نئے چیئرمین کے انتخاب کیلئے 10رکنی گورننگ بورڈ کے ممبران اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
وقت اشاعت : 2023-06-26 13:53:41