قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جانے کے لیے حکومتی اجازت درکار ہوگی: ترجمان پی سی بی
2023-06-27 13:39:39
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ اپنے بیان میں ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جانے کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہوگی ، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کرکٹ بورڈ نے حکومت سے رہنمائی مانگ لی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔
اس سے قبل رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی کی خلا میں رونمائی کی ویڈیو جاری کر دی گئی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی کی خلا میں رونمائی کے ساتھ کیپشن بھی تحریر کیا گیا ہے۔جے شاہ کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی کی دنیا سے باہر خلا میں رونمائی کی گئی، کسی بھی اسپورٹس ایونٹ کی پہلی آفیشل ٹرافی ہے جسے خلا میں بھیجا گیا۔
سربراہ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ٹرافی کو ایک لاکھ 20 ہزار فٹ کی بلندی تک لے جایا گیا جہاں پر درجہ حرارت منفی 65 ڈگڑی سینٹی گریڈ تھا، ٹرافی کا 99 اعشاریہ 5 فیصد حصہ زمین کے مدار سے باہر تیرتا رہا، ٹرافی کو بھارت کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتارا گیا۔
وقت اشاعت : 2023-06-27 13:39:39