Login / Register

سعودیہ میں موسم شدید گرم‘ حجاج کو سن سٹروک سے بچنے کی ہدایت

2023-06-27 13:46:40

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست

 سعودی عرب نے حجاج کرام کو گرمی کی شدت بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں خود کو سن سٹروک سے بچانے کی ہدایت کردی۔ سعودی خبررساں ادارے نے وزارت صحت کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ رواں موسم حج شدید گرمی میں آیا ہے جس سے حجاج کرام کی صحت کو خطرہ لاحق ہے، سن سٹروک کے کیسز وصول کرنے کے لیے 217 بستر مختص، واٹر مسٹ پنکھے بھی بڑی تعداد میں فراہم کیے ہیں جو گرمی کے دباؤ اور سن سٹروک کے کیسز سے نمٹنے میں کارگر ثابت ہوئے ہیں، وزارت صحت نے عازمین کی صحت کی سہولیات سے نمٹنے کے لیے متعدد کورسز اور فیلڈ ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیے ہیں، ان پروگرامز میں حجاج کو ہیٹ سٹروک سے بچنے کے مختلف طریقوں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔
بتاتے چلیں کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات میں مناسک حج کی ادائیگی کے لئے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں، ہر مقام پر حجاج کی رہنمائی کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے فوج، پولیس اور رضاکار تعینات کیے گئے ہیں، اس موقع پر 40 ہزار کمانڈر، ایک لاکھ 25 ہزار اہلکار، 40 ہزار ٹریفک پولیس کا عملہ، سعودی وزارت حج کے 95 ہزار ملازمین، شہری دفاع کے 17 ہزار اہلکار، حرمین کمیٹی کے 10 ہزاراہلکاروں کے علاوہ 25 ہزار سعودی یونیورسٹیوں کے طلباء بھی حجاج کی خدمت کےلئے کمربستہ ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈرون طیاروں سمیت ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی مناسک حج کی ادائیگی کے موقع پر خصوصی نگرانی کا اہتمام کیا گیا ہے، 160 سے زائد ممالک کے تقریباً 30 لاکھ عازمین کل نماز فجر کے فوری بعد فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے منیٰ سے میدان عرفات پہنچیں گے، میدان عرفات میں مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا اور تمام حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے، عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا جس میں حجاج کرام اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعائیں کریں گے، نماز مغرب سے پہلے میدان عرفات کو چھوڑنے کا حکم ہے حاجی میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے وہاں پہنچ کر کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے قیام کرنے کے بعد نماز فجرکی ادائیگی کے بعد منی میں اپنے خیموں میں واپس آئیں گے جہاں سے شیطان کو پہلے دن کنکریاں مارنے کے لیے جمرات کمپلیکس روانہ ہوں گے، شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس منیٰ میں اپنے خیموں میں آئیں گے جہاں قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے، اسی طرح دوسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنے کے لیے جمرات کمپلیکس جائیں گے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مار کر مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں میں واپس آجائیں گے۔

وقت اشاعت : 2023-06-27 13:46:40