Login / Register

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی

2023-06-27 13:55:27

ہمارے لیے دعا کریں عمران اشرف کی طلاق کے بعد مداحوں سے درخواست

 سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی،اٹارنی جنرل کی یقین دہانی پر استدعا مسترد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بتایا کہ اس وقت 102 ملزمان ملٹری تحویل میں ہیں،ملٹری کسٹڈی میں 102 ملزمان کا ابھی ٹرائل نہیں ہو رہا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ ہمیں مکمل تفصیلات بتائیں جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں نے تحریری معروضات سمیت تمام تفصیلات فراہم کر دی ہیں،9 مئی کے واقعہ کے بعد ملزمان کی حوالگی کا عمل شروع ہوا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا حراست میں لینے کے عمل میں قانونی تقاضے پورے کیے گئے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ٹرائل کا طریقہ کار حقوق سے متعلق تفصیل بتاؤں گا،اٹارنی جنرل نے فائل چیف جسٹس کے حوالے کی اور کہا کہ 102 افراد کی مکمل تفصیلات اس میں موجود ہیں،اہلخانہ کی زیر حراست ملزمان سے ہفتے کی بنیاد پر ملاقات ہو سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عید پر ہر کسی کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون کون حراست میں ہے،عید پر سب کی اپنے اپنے گھروالوں سے بات ہونی چاہیے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا موجودہ کیسز میں سزائے موت کا کوئی ایشو ہے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سزائے موت غیر ملکی رابطوں کی صورت میں ہو سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ملزمان کی آج ہی اہلخانہ سے بات کرائیں،وکلا کو مکمل تحفظ ملنا چاہیے۔ عمران ریاض لاپتہ ہے،کیا عمران ریاض آپ کی تحویل میں نہیں ہے؟ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عمران ریاض کو تلاش کریں اور بازیاب کریں۔
عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلنز کا ٹرائل روکنے کے استدعا مسترد کر دی،استدعا اٹارنی جنرل کی یقین دہانی کے باعث مسترد کی گئی۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ قانون کے مطابق ٹرائل کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے،ابھی ملزمان کے حوالے تحقیقات جاری ہیں،ٹرائل میں وقت درکار ہو گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فوری کسی کا ٹرائل نہیں ہو رہا،ملزمان کو چارج کی نقول فراہم کی جائیں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

وقت اشاعت : 2023-06-27 13:55:27