- مرکزی صفحہ
- شوبز
- فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کا کیس،جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کا کیس،جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی
2023-06-27 13:58:18
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف کیس،جسٹس منصور علی شاہ کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف کیس میں 23 جون کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ حکمنامے کے ساتھ جسٹس یحییٰ آفریدی کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ میں قرار دیا کہ عدالتی کارروائی کے اس مرحلے پر سنیئر ترین ججز کے اعتراضات کی قانونی حیثیت پر کچھ نہیں کہنا چاہتا،فل کورٹ بنا کر سویلین ٹرائل سے متعلق درخواستوں پر سماعت مقرر کی جائے۔ سنیئر ترین جج کا بینچ پر اعتراض کا نوٹ اب پبلک ہو چکا ہے،نظام عدل کی ساکھ کی عمارت عوامی اعتماد پر کھڑی ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے قرار دیا کہ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہو رہی ہے،اس وقت ملک میں انتخابات کیلئے سیاسی ماحول کا منظر نامہ چارج ہے۔
چارج ماحول میں موجودہ عدالتی بینچ کیخلاف اعتراض کیا جا سکتا ہے،ایسے حالات میں بینچ پر سیاسی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ اضافی نوٹ میں کہا گیا کہ کیس سننے والے بینچ میں موجود ججز کے تحریری اعتراضات انتہائی سنجیدہ ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،سنیئر ترین جج کے اعتراض ہم آہنگی اور عوامی اعتماد کی بحالی کیلئے مناسب اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے قرار دیا کہ عدالت میں ہم آہنگی،ادارے کی سالمیت اور عوامی اعتماد کیلئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے۔ فل کورٹ کے بغیر آنے والے فیصلے سے اس کی وقعت اور قدر کم ہو گی،بینچ کی تشکیل کا معاملہ دوبارہ دیکھنے سے ممکن ہے عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ دوسری جانب آج سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی ہے،اٹارنی جنرل کی یقین دہانی پر استدعا مسترد کی گئی۔
وقت اشاعت : 2023-06-27 13:58:18
تازہ ترین شوبز کی خبریں
Our Categories
Who We Are