قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن حکومت کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنا ہوگی
2023-07-06 14:14:54
وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن حکومت کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنا ہوگی، پولیس نے اپنی نگرانی میں مذموم حرکت کی اجازت دی، اس لعنتی اور خباثت کو نشان عبرت بنانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کریں گے، یہ واقعہ مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر عالم اسلام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی، عید کے روز سویڈن کی پولیس اس خبیث کو اجازت دی کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرے، کبھی سوچا نہیں تھا کہ اس معاشرے میں پولیس اپنی نگرانی میں ایک لعنتی اور خبیث شخص کو مذموم حرکت کرنے کی اجازت دے۔
سویڈن پولیس کی اس حرکت کی بھرپورمذمت کرتے ہیں، یہ ناقابل برداشت ہے، اس طرح کی قبیح حرکت کو کبھی برداشت نہیں کریں گے، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے مسلمان اپنی جانیں اور سب کچھ قربان کردیتے ہیں۔
ہم مسلمان قرآن کریم کی حرمت پر اور نبی پاک ﷺ کی حرمت کی حفاظت کیلئے کسی چیز کی پروا نہیں کرتے۔ اگر آج یہاں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں، تحمل برداشت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے تو اس کا قطعی مطلب نہیں کہ ہم کمزور ہیں، ہمیں جواب دنیا نہیں آتا۔ میں پورے پاکستان کے بہن بھائیوں کو گزارش کروں گا کہ نماز جمعہ کے بعد یکجہتی کا اظہار کریں، سیاسی مذہبی جماعتیں اور تمام طبقات ملک گیر ریلیاں نکالیں تاکہ پوری دنیا دیکھ لے، اگر آئندہ کسی نے مذموم حرکت تو پھر ہم سے کوئی گلہ نہ کرے۔
اللہ تعالیٰ کے پاک کلام کی بے حرمتی کرکے اسلامی اور عیسائی دنیا کو لڑانے کی سازش ہے ، اس خباثت کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ قانونی چارہ جوئی کیلئے بہترین فورم اوآئی سی ہے، میں مشکور ہوں کہ اوآئی سی کا اجلاس بلایا ، اور مذمت کی۔ پوری اسلامی دنیا کو اس واقعے پر آواز بلند کرنا ہوگی۔ مجھے بتایا کہ سویڈن کی حکومت نے بھی مذمت کی ہے لیکن میں پوچھتا ہوں کہ مذمت کی ، لیکن ایسا واقعہ کیوں ہونے دیا؟یہ سوالیہ نشان ہے جس کیلئے سویڈن حکومت کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنا ہوگی اور جواب دینا ہوگا، سویڈن حکومت نے ایسا واقعہ کیوں ہونے دیا؟ ایوان کی کمیٹی بنائی جائے اور متفقہ مذمتی قرارداد منظور کی جائے۔
ہم آزادی اظہار کے خلاف نہیں لیکن اس کی آڑ میں کسی کے مذہب پر حملے کرے؟ اقوام متحدہ میں بھی آواز بلند کرنا ہوگی، میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے رابطے کی کوشش کررہا ہوں تاکہ وہاں پر اس واقعے پر آواز اٹھائی جائے اور ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔اب یہ ہماری برداشت سے باہر ہے، سویڈن میں پہلے بھی ایسا واقعہ ہوا، یہ جو سویڈن میں اشتعال انگیزی پیدا کی گئی اور آگ بڑھکانے کی کوشش کی گئی اس پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ کس طرح مسلمانوں کو وہاں ہر طرح کا تحفظ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 2023-07-06 14:14:54
تازہ ترین شوبز کی خبریں
Our Categories
Who We Are