یوکرین کو کلسٹر بموں کی فراہمی کا معاملہ فی الحال زیرغور ہے ، امریکا
2023-07-07 13:51:16
امریکا نے کہا ہے کہ یوکرین کو کلسٹر بموں کی فراہمی کا معاملہ فی الحال زیر غور ہےاور اس وقت اس بارے اعلان کرنا قبل از وقت ہو گا ۔ روسی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کے ڈپٹی پریس سیکرٹری اینڈریو بیٹس نے گزشتہ روز جنوبی کیرولینا جاتے ہوئے ایئر فورس ون کے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتےکہا کہ جیسا کہ چیئرمین امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف مارک ملی نے عندیہ دیا ہے کہ یہ معاملہ زیر غور ہے، میں اس وقت کوئی اعلان نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ یوکرین کو وسیع پیمانے پر جنگی ہتھیاروں کی فراہمی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ یوکرین کی افواج ممکنہ حد تک مضبوط ہو سکیں۔قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اطلاع دی تھی کہ امریکا نے یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ جلد ہی اس فیصلے کا اعلان کرے گا۔ اقوام متحدہ میں روس کے ایلچی واسیلی نیبنزیا نے کہا کہ اگر امریکا یوکرین اس طرح کے بم فراہم کرے گا تو صورت حال کو مزید خراب کرے گا۔
وقت اشاعت : 2023-07-07 13:51:16