ورلڈ کپ 2023ء ، پاکستان کے 2 میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں سامنے آگئیں
2023-07-11 13:51:18
ون ڈے ورلڈ کپ رواں سال 5 اکتوبر سے 19 نومبر کے درمیان بھارت میں کھیلا جائے گا تاہم اس سے قبل پاکستان کے کولکتہ میں شیڈول 2 میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں سامنے آگئی ہیں۔ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایڈن گارڈنز ،کولکتہ میں شیڈول ورلڈ کپ میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں جاری کردیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخی ایڈن گارڈنز ،کولکتہ میں 2 میچز کھیلنے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیموں کے خلاف شیڈول میچز کے ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 800 بھارتی روپے اور زیادہ سے زیادہ 2200 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔ ایڈن گارڈنز میں شیڈول ورلڈ کپ سیمی فائنل میچ کے ٹکٹوں کی کم ترین قیمت 900 بھارتی روپے ہوگی جبکہ سب سے مہنگا ٹکٹ 3 ہزار بھارتی روپے میں خریدا جاسکے گا۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ابھی تک ورلڈکپ 2023ء کے میچز کی ٹکٹوں کی قیمتیں جاری نہیں کی ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا بنگلادیش کے خلاف میچ 31 اکتوبر جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف 12 نومبر کو میچ شیڈول ہے۔
وقت اشاعت : 2023-07-11 13:51:18