- مرکزی صفحہ
- شوبز
- عالم آباد منصوبے سے علاقے کی سماجی، معاشی او رمعاشرتی ترقی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے،صدر فیصل آباد چیمبر
عالم آباد منصوبے سے علاقے کی سماجی، معاشی او رمعاشرتی ترقی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے،صدر فیصل آباد چیمبر
2023-07-11 13:54:28
صدر فیصل آباد چیمبر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ عالم آباد منصوبے سے علاقے کی سماجی، معاشی او رمعاشرتی ترقی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کی تعلیم، ماحولیات اور سماجی ومعاشی شعبہ کی ترقی کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ سندھ میں رشید آباد کے نام سے پہلا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر چکا ہے جبکہ دوسرا منصوبہ عالم آباد کے نام سے صوابی کے پسماندہ علاقہ میں قائم کیا جا رہا ہے تاکہ یہاں کے ہونہار مگر وسائل سے محروم طلبہ کو تعلیم کی جدید سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشی ترقی کے مرکزی دھارے کا حصہ بنایا جا سکے جبکہ اس قسم کے دو اور منصوبے بلوچستان اور پنجاب میں بھی شروع کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ مقامی لوگوں نے اس فلاحی منصوبے کیلئے ایک ہزار کینال اراضی مفت فراہم کی ہے جہاں کیڈٹ کالج اور ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ 3شعبے پہلے ہی قائم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ڈھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کرنے کا بھی منصوبہ زیر غور ہے جو اس پسماندہ علاقہ کےعوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں طلبہ کیلئے الگ الگ سکول قائم کئے گئے ہیں جہاں روایتی مضامین کے علاوہ ٹیکنیکل تعلیم کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے اس فلاحی منصوبے کی تکمیل کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا۔ یاد رہے کہ رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں محروم اور کمزور طبقہ کے بچوں کو تعلیم اور صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے عالم آباد کی تعمیر تقریباً مکمل کر لی گئی ہے،یہاں رہائش پذیر طلبہ کو بورڈنگ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن، تسنیم نورانی فاؤنڈیشن اور اخوت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کردیئے گئے ہیں۔
اس یادداشت پر ایئر چیف مارشل(ر) سہیل عالم اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) احسن حیات نے دستخط کئے ۔اس موقع پر ایئرمارشل(ر)ارشد ملک، تسنیم نورانی فاؤنڈیشن کے سربراہ تسنیم نورانی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق بھی موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت عالم آباد میں رہائش پذیر طلبہ کو بورڈنگ کی ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وقت اشاعت : 2023-07-11 13:54:28
تازہ ترین شوبز کی خبریں
Our Categories
Who We Are