آئی ایم ایف قرض پروگرام کی منظوری،سعودیہ 2ارب ،یو اے ای 1ارب ڈالرزسے زرمبادلہ ذخارئر مستحکم ہونگے‘فائونڈر گروپ
2023-07-13 13:52:24
فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کا قرضہ پروگرام منظور کرتے ہوئے معاہدے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی فنڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے 2ارب پچیس کروڑ ایس ڈی آر(تقریباً3ارب ڈالر )کی منظوری ،سعود ی عرب سے 2ارب ، متحدہ عرب امارات سی1ارب ڈالرسے پاکستان کے ذرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونگے اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی ۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فائونڈر گروپ کے رہنما میاں محمد اشرف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں معاشی اصلاحتی پروگرام اور معیشت کو فوری سہارا ملے گا ،روپے کی قدر میں اضافہ سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔
انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو درپیش مشکل بیرونی ماحول، تباہ کن سیلاب،پالیسی کی غلطیاں بڑے مالیاتی اور بیرونی خسارے ،بڑھتی مہنگائی اور مالی سال2023میں زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے باعث آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی منظوری دی ہے قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو اہداف پر عملدرآمد کرنا ہوگا ۔
انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی اور دوست ممالک سے اربوں ڈالر آمد کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے اور ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔خادم حسین نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد عالمی بینک اور ایشیائی ڈویلپمنٹ بنک بھی پاکستان کی معاونت کرینگے اور ملک معاشی بحران سے نکل آئے گا ۔
وقت اشاعت : 2023-07-13 13:52:24